راولپنڈی(این این آئی) تھانہ صادق آباد کی حدود میں ماں پر ظلم کرنے والا ناخلف بیٹا پولیس کی گرفت میں آگیا، اعتراف جرم بھی کرلیا۔ بدھ کو ملزم ارسلان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی والدہ سمیت پورے پاکستان اور دنیا بھرکی ماؤں سے شرمندہ ہے اور معافی چاہتا ہے۔دوسری جانب ماں پرمار پیٹ کرنے والے بیٹے اور بہو نے عدالت سے عبوری ضمانت بھی کرالی ہے، عدالت نے ملزمان کو 6 اگست تک گرفتار نہ کرنے اورمقدمے میں شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ ارسلان نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر اپنی ماں کو مارا پیٹا تھا جس
کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بیٹا اور بہو آئے روز جھگڑا کرتے ہیں اور پھر بیٹے اور بہو نے ملکر اسے مارا۔ ملزم ارسلان اور اس کی بیوی کیخلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ والدہ کو مارنے پیٹنیکے بعد ملزم ارسلان بیوی کولیکرفرار ہوگیا تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کی تھی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماں جیسی ہستی پر ظلم کرنے والے بیٹے کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔