لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ نے کورونا سے بچائو کی ادویات کی عدم فراہمی کیخلاف دائر درخواست پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے تین روز میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ ادویات کا تعلق زندگی سے ہے اس پر عدالت خاموش نہیں رہ سکتی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔ فاضل عدالت نے ادویات کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس چیز کا نوٹس لیا جاتا ہے وہ مارکیٹ سے غائب ہو جاتی ہے ۔ عدالت نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ کورونا سے بچائو کی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ فاضل عدالت نے نجی ہسپتالوں می کورونا کے مہنگے علاج پر بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہیلتھ کیئر کمیش کو تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کورونا کے علاج معالج کیلئے اقدامات کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کر لی ۔