اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹروبس منصوبہ پر کام تکمیل کے قریب ہے،آلات کی درآمد، ایئرپورٹ پر منی اسٹیشن کی تعمیر، اسٹیشنوں کی پینٹ، کھڑکیوں کی تنصیب کا عمل جاری ہے،منصوبہ اگست کے وسط میں مکمل ہو جائیگا۔
جمعہ کو وقفہ سوالات کے دور ان پشاور موڑ تا نیواسلام آباد ایئرپورٹ میٹروبس منصوبہ پر وزیرمواصلات نے تحریری جواب میں بتایا کہ پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹروبس منصوبہ پر کام تکمیل کے قریب ہے۔وزارت مواصلات نے کہاکہ پروجیکٹ کی کل نظر ثانی شدہ لاگت 13525ملین روپے ہے۔وزارت مواصلات کے مطابق پروجیکٹ کی طبی پیشرفت پچانوے فیصد جبکہ مالیاتی پیشرفت پینسٹھ فیصد ہے۔وزارت مواصلات کے مطابق آلات کی درآمد، ایئرپورٹ پر منی اسٹیشن کی تعمیر، اسٹیشنوں کی پینٹ، کھڑکیوں کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔وزیر مواصلات نے کہاکہ میٹرو منصوبے کی اختتامی سرگرمیوں میں پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ جولائی کے آخر تک مکمل ہو جانا تھا،کورونا کے باعث چین اور سپین سے ایلیویٹرز اور ایکسیلیٹرز نہیں آ سکے۔وزیر مواصلات نے قومی اسمبلی میں منصوبہ مکمل کرنے کی تاریخ دے دی اور کہاکہ پشاور موڑ سے اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو منصوبہ اگست کے وسط میں مکمل ہو جائے گا۔ مراد سعید نے کہاکہ میٹرو منصوبے پر کل 13 ارب 52 کروڑ لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت اور این ایچ کے درمیان بات چیت چل رہی ہے،گذشتہ حکومت نے کراچی حیدرآباد سپر ہائی وے کو موٹر وے میں تبدیل کیا،سکھر حیدرآباد موٹر وے کی منظوری مل چکی ہے،یہ منصوبہ سندھ کی محرومیوں کا ازالہ کرے گا۔مرا د سعید نے بتایا کہ دھک پتن کے مقام پردریائے ستلج پر بابا فرید پل کا منصوبہ 912.575ملین روپے کی لاگت سے سال 2008میں منجن آباد پاک پتن کو ملانے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔