راولپنڈی ( آن لائن) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں لڑکا بن کر لڑکی سے شادی کرنے کے کیس میں میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا۔بدھ کے روز لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں لڑکی کے والد سید امجد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر جسٹس صداقت علی خان نے سماعت کی۔سماعت کے آغاز میں آکاش علی عرف عاصمہ بی بی نے عدالت میں بیان دیا کہ میں مکمل مرد ہوں اور شادی شدہ زندگی گزار رہا ہوں
جبکہ آکاش سے شادی کرنے والی خاتون نیہا علی نے عدالت میں بیان دیا کہ میں آکاش کی بیوی ہوں اور شادی شدہ زندگی گزار رہی ہوں۔عدالتِ عالیہ نے آکاش علی عرف عاصمہ بی بی کا میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا حکم دیدیا ۔ جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ ٹیسٹ کے لیے ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال 4 رکنی میڈیکل بورڈ بنائے، اگلی سماعت پرٹیسٹ کرا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالتِ عالیہ نے کیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کر دی۔