منڈی فیض آباد /شرقپور شریف (این این آئی) میاں بیوی نے مبینہ طور پر غربت سے تنگ اپنے تین بچوں سمیت قادر آباد لنک نہر کی پل نمبر 2سے چھلانگ لگادی،بچوں کی عمریں ایک سے پانچ سال تک بتائی گئی ہیں، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیوں نے موقع پر پہنچ کرتلاش شروع کر دی تاہم پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے نہر میں کودنے والوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔بتایا گیا ہے کہ فیاض نامی شخص اپنے معاشی حالات کی وجہ سے انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہا تھا اور گزشتہ روز اس نے مبینہ طور پر غربت سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی بیوی اور بچوں
سمیت قادر آباد لنک نہر کی پل نمبر 2سے چھلانگ لگا دی۔ بتایا گیا ہے کہ شرقپور دربارسے واپس آتے ہوئے قادر آباد لنک نہر کی پل نمبر 2سے فیاض نے اپنی بیوی نیلم اور تین بچیوں انعم، رابعہ اور مسکان کے ہمراہ نہر میں چھلانگ لگا دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ ریسکیو نے نہر میں کودنے والوں کی تلاش شروع کر دی تاہم انہیں رات تک کوئی کامیابی نہ ملی سکی۔ بتایا گیا ہے کہ پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا رہا اور رات کا اندھیرا چھا جانے کے باعث آپریشن روک دیا گیا۔