اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم عمران خان سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے جمعہ کو ملاقات کی اور یورپ کے لئے پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن کی بحالی سے متعلق یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی سے مذاکرات بارے آگاہ کیا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق سی ای او نے وزیراعظم کو پی آئی اے کی اسٹرکچرنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور
پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے سے متعلق جامع پلان پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے میں اصلاحاتی عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی اداروں میں اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ پی آئی اے منصوبے پر ڈاکٹر عشرت سے بھی مشاورت کی جائے اور مشاورت کے بعد سات روز میں ادارے کی تنظیم نو پر لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے۔