اسلام آباد (این این آئی)پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن میں ایک گروپ نے جہانگیر ترین کے خلاف بغاوت کردی۔پروگریسیو گروپ کے نام سے سامنے آنے والے گروپ کے ترجمان کے مطابق نئے لائحہ عمل کا اعلان چندو روز میں کریں گے۔
ترجمان پروگریسیو گروپ وحید چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ چیئرمین نعمان احمد خان کو ہٹانے کی جدوجہد کریں گے کیونکہ جہانگیرترین کا اثرورسوخ شوگر انڈسٹری کیلئے نقصان دہ ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم کاروبار میں سیاست کے خلاف ہیں، کسی سیاسی دھڑے کا حصہ نہیں بننا چاہتے اور صرف کاروبار پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ ملک میں گزشتہ عرصے کے دوران چینی بحران کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر کی گئی تحقیقات میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انکشاف کیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔ایف آئی اے کی رپورٹ سامنے آنے کے جہانگیر ترین کو چیئرمین ٹاسک فورس برائے زراعت کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا جبکہ ان کے وزیراعظم اور تحریک انصاف سے تعلقات بھی پہلے جیسے نہیں رہے۔