اسلام آباد (این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) بلوچستان نے صوبے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غیرقانونی طور پر رقم حاصل کرنے والے 90 افسران سے ایک کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کرلی۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت غیرقانونی طور پر اپنے آپ کو غریب ظاہر کرکے رقم حاصل کرکے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان
پہنچانے والے سرکاری افسران اور ملازمین کے خلاف انکوائری کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اب تک 90 افسران سے ایک کروڑ سے زائد رقم ریکور کرلی گئی ہے ،نصیرآباد میں لائیو سٹاک کے گریڈ 17کے ملازمین میاں بیوی کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مزید افسران کے خلاف بھی انکوائری جاری ہے جیسے جیسے ثبوت ملتے جائیں گے مزید افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔