اسلام آباد (آن لائن) نادرا کے ذریعے کاغذات کی تصدیق اور منتقلی کے نام پر سمندر پار پاکستانیوں سے آن لائن فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ جعلی ویب سائٹ کے ذریعے ہر اوورسیز پاکستانی سے 65امریکی ڈالر کی وصولی جاری ہے۔ وفاقی حکومت نے نادرا آن لائن ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو خبردار کردیاہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو آن لائن سائبر مہم کے ذریعے نشانہ بنا کر فراڈ کا انکشاف ہواہے۔ نادرا آن لائن ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کے شناختی
دستاویزات گھر تک پہنچانے کا جھانسہ دے کر ہر فرد سے 65 امریکی ڈالر فیس وصول کی جاتی ہے اور ویب سائٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کو نادرا فارم پر کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ وفاقی حکومت نے تمام سمندر پار پاکستانیوں کی رہنمائی کے لئے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں نادرا آن لائن ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ سے اظہار لاتعلقی کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مذکورہ ویب سائٹ کا نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے کوئی تعلق نہیں ہے، عوام محتاط رہیں اور اس ویب سائٹ کے ذریعے اپنے شناختی دستاویزات پراسیس نہ کروائیں۔