رائے ونڈ ( این این آئی )رائے ونڈ میں لاک ڈائون کیوجہ سے معاشی بحران شدت اختیار کرگیا،لاکھوں روپے ماہوار کرایوں کی عدم ادائیگی پر درجنوں دکانیں دکانداروں نے خالی کردی،سینکڑوں ملازمین بے روزگار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے رائے ونڈ کا دکاندار طبقہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے کئی ماہ کا کرایہ ادا نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار دکانیں چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں
رائے ونڈ شہر کے تجارتی مراکز مین بازار ،تبلیغی مرکز بازار میں لاکھوں روپے ایڈوانس کے بعد حاصل کی گئی دکانوں کے پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے ماہوار کرایہ جات میں ادائیگی ممکن نہیں رہی دکانیں بند ہونے کے باجود مالکان نے کرایوں میں معافی اور کمی نہیں کی جسکی وجہ سے دکاندار حضرات لاکھوں روپے قرضے کے بوجھ تلے دب گئے ہیں رائے ونڈ میں اس وقت تین درجن سے زائد دکانیں کرائے کیلئے دستیاب ہیں دکانداروں اور مالکان نے اپنی دکانوں کے آگے بورڈ اور اشتہارات آویزاں کردئیے ہیں لیکن اسکے باوجود کوئی دکاندار دکان لینے کو تیار نہیں ہے حکومتی اعلانات کے برعکس دکان مالکان نے کرایوں میں کمی یامعافی نہیں دی جس سے دکاندار حضرات بھیک مانگنے پر مجبور نظر آرہا ہے ادھر تاجر حضرات کی گرتی ہوئی معاشی ساکھ کی وجہ سے سینکڑوں ملازمین بے روزگار ہو گئے ہیں دکاندار حضرات نے ڈائون سائزنگ کرتے ہوئے اپنے ملازمین کو فارغ کرنا شروع کردیا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے جاری سمارٹ لاک کی سے چند روز کاروبارجاری رہتا ہے جس سے دکانداروں کے اخراجات بھی پورے نہیں ہو پارہے دکانداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں کرایوں میں کمی کے احکامات پر عمل درآمد کروایا جائے تاکہ وہ اپنے بچوںکا پیٹ پال سکیں ۔