گھوٹکی (این این آئی) رینجرز اہلکاروں کی گاڑی پر حملے کی تفتیشی رپورٹ سامنے آگئی، حملے میں خود ساختہ ٹائم ڈیوائس استعمال کی گئی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ کے شہر گھوٹکی میں دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں دو اہلکاروں سمیت تین افراد شہید ہوئے تھے۔تفتیشی اداروں نے دہشت گردانہ حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے جس میں بتایا گیا کہ رینجرز اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ خود ساختہ ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ حملے میں تیار کی
جانیوالی ڈیوائس میں بال بیئرنگ کا استعمال کیا گیا، جائے حادثہ سے بم میں استعمال کیے گئے بال بیئرنگ اور دھماکا خیز مواد ملا۔خیال رہے کہ گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی پر دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا تھا، یہ مقدمہ سی ٹی ڈی سکھر میں رینجرز انسپکٹر کی مدعیت میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن روڈ پر رینجرز کی گاڑی پر کریکر حملہ ہوا تھا، حملے میں رینجرز کے 2 اہل کار اور ایک شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔