اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 15 جولائی سے کورونا کا زور ٹوٹنا شروع ہو جائے گا، یہ بات پنجاب کے کورونا ایڈوائزری گروپ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس جسے ہونا تھا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن سے نہیں بلکہ ایس او پیز پر عمل کرنے سے ختم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ڈاکٹر ائیر ٹائٹ کٹ پہن کر چھ گھنٹے مسلسل کورونا وارڈ میں ڈیوٹی نہیں دے سکتا۔ پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم نے وزیراعظم عمران خان کے دعوے کی نفی کر دی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تھا کہ جولائی کے آخر یا اگست میں کورونا میں شدت آئے گی اور شدت کے بعد وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔ کورونا کے مریضوں کے ٹیسٹوں کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔کورونا کے مریضوں کے ٹیسٹ کم سے کم کروانے کا جلد فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔کورونا ایڈوائزری گروپ مریض کے ایک دفعہ ٹیسٹ کروانے پر فیصلہ کرے گا۔ممبر ایڈوائزری گروپ پروفیسر اسد اسلم نے کہا ہے کہ 14 دن بعد سنجیدہ علامات نہ رکھنے والے مریض کو اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے صحتمند مریضوں کے لیے دو نیگیٹو ٹیسٹ کی پالیسی پر نظرِ ثانی کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز پہلی بار 5 ہزار سے تجاوز کر گئے۔کورونا کے وار تیزی سے جاری ہیں۔