اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حال ہی میں کرونا سے متاثرہ شخص کے لواحقین کی 2 بڑے ہسپتالوں کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کی ریکارڈنگ منظر عام پر آئی ہے جس میں ہسپتال انتظامیہ کی ہدایت پر ہیلپ لائن پر موجود نمائندہ کس بے حسی کے ساتھ متاثرہ افراد کو ہسپتال کے نرخ نامے کا احوال بتاتا ہے۔
اس آڈیو کال میں ایک ہسپتال کا ٹیلیفونک نمائندہ کورونا کے مریض کو ایمرجنسی ہسپتال لانے کیلئے 10 لاکھ روپیہ سیکیورٹی ڈیپازٹ کی مد میں بتاتا ہے۔ ہسپتال نمائندے کے مطابق ایک دن کا ایک لاکھ روپیہ بنتا ہے جبکہ وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑنے پر قیمت ڈیڑھ لاکھ تک جائے گی اور اگر مریض 10 روز سے زیادہ دیر تک زندہ رہ سکا تو پیسے 10 لاکھ سے بڑھ بھی سکتے ہیں۔ایک دوسرے بڑے ہسپتال سے دریافت کرنے پر ٹیلیفونک نمائندہ اپنے نرخ نامے کے مطابق بتاتا ہے کہ ہسپتال میں کورونا مریض کے لیے بیڈ چاہیے تو ایک روز کے ایک لاکھ35 ہزار دینا ہوں گے اور اگر آپ کے مریض کو وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑ گئی تو ایک دن کا معاوضہ ایک لاکھ70 ہزار تک بھی جا سکتا ہےاس کے علاوہ اس نمائندے نے بتایا کہ یہ تقریباً ایک دن کا تخمینہ ہے جبکہ اگر مریض کو داخلے کیلئے بیڈ میسر آجاتا ہےتو پھر داخلہ فیس سمیت پہلے روز آپ کو ڈھائی لاکھ کا ٹیکہ لگے گا اور اس کے بعد ایک دن کے ایک لاکھ 35 ہزار کے حساب سے پیسے دینا ہوں گے۔