اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا سے نوجوان جاں بحق، ورثاء لاش ہسپتال میں چھوڑ کر فرار ہوگئے، میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان ارسلان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ ہسپتال لے کر پہنچے لیکن ڈاکٹرز نے علاج کرنے سے انکار کیا جس کے بعد وہ مریض کو لےکر گھر آگئے، بعد میں مشتبہ نوجوان گھر میں جاں بحق ہوگیا۔ ارسلان کے انتقال کے بعد ورثاء نوجوان کی لاش ہسپتال میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر مقامی فلاحی ادارے کے رضا کاروں نے نوجوان کی تدفین اور جنازے کے انتظامات کیے۔ اطلاع کے مطابق ارسلان کے جنازے میں دو پڑوسیوں امام مسجد اور چار رضاکاروں نے شرکت کی۔ رضا کاروں نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ نوجوان کی تدفین مقامی قبرستان میں کی۔علاقہ مکینوں اور سرکاری ٹیم نے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کی بھی کوشش کی مگر تدفین تک کوئی رابطہ نہ ہوپایا۔