اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے اورکزئی ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ فیملی ذرائع کے مطابق رات کو دل کا دورہ پڑنے سے منیر اورکزئی انتقال کرگئے، منیر اورکزئی کی طبیعت گزشتہ کئی روز سے ناساز تھی ۔
یاد رہے کہ15 مئی کو انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس کے دوران ان کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی تھی اور ابتدائی طبی معائنے کے بعد انہیں ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ انہیں کچھ عرصے تک حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا تھا۔یہ بھی یاد رہے کہ منیر اورکزئی کو ایک ماہ قبل کورونا ہوا تھا ،منیر اورکزئی نے کورونا کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا تھا ،منیر اورکزئی کی کورونا رپورٹ نیگیٹو آگئی تھی جس کے بعد وہ اسمبلی اجلاس میں بھی شریک ہوئے تھے ۔منیر خان اورکزئی جمعیت علماء اسلام اورکزئی ایجنسی سے رکن تھے ۔دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ منگل کو صدر مملکت نے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے، صدر مملکت نے غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔