لاہور ( آن لائن ) وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، ڈاکٹر اختر نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، وزیر توانائی نے آج وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے وزیر توانائی نے ہلکا سا بخار محسوس کرنے پر اپنا ٹیسٹ کروایا تو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
جس کے بعد وزیر توانائی نے اپنے آپ کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔وزیر توانائی نے اپنے باقی گھر والوں کے بھی کورونا ٹیسٹ کروائے ہیں۔ خاندان کے باقی افراد کی ٹیسٹ رپورٹ آج شام تک آ جائے گی۔ ڈاکٹر اختر ملک نے اپنے چاہنے والوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعاوں کی اپیل کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات کی تھی۔امکان ہے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیرتوانائی کے دفتر کے لوگ بھی اپنا ٹیسٹ کروائیں گے۔ دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، لاک ڈاؤن کھولنے کے بعد مارکیٹس اور بازاروں میں لوگوں کا عید کی خریداری کیلئے رش لگا ہوا ہے۔ جس سے کورونا وائرس مزید تیزی اور شدت کے ساتھ پھیلنے کا خدشہ ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 34 ہزار683، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 52 ہزار437 تک پہنچ گئی۔