راولپنڈی (آن لائن) آرمی کوئیک ری ایکشن فورس اور پاکستان رینجرز سندھ کے جوان کراچی میں پی آئی اے کا طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے ٹویٹ کے مطابق پاک فوج کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ نقصان کے جائزہ کیلئے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر بھی بھجوائے گئے ہیں جبکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں کیلئے سائٹ پر روانہ کی جا رہی ہیں۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی آئی اے جہاز کے المناک حادثہ میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی آئی میجر جنرل بابر افتخار کے ٹویٹ کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت دی کہ پاک فوج سول انتظامیہ کو امدادی اور ریسکیو آپریشنمیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔