اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کے حکم معطلی میں توسیع کردی۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے حکم امتناع میں توسیع کا حکم جاری کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ و دیگر فریقین کے دلائل کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کے نادرا کے فیصلے
پر 29 اکتوبر 2019 کو حکم امتناع جاری ہوا تھا۔نادرا نے حافظ حمد اللہ کے شناختی کارڈ پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے شہریت منسوخ کردی تھی۔عدالت نے شناختی منسوخی کے نادرا کے فیصلوں کے خلاف منسلک دیگر کیسز پر بھی عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ نادرا نے موقف اپنایا تھا کہ حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ کینسل کیا،شہریت منسوخ کرنا ہمارا دائر کار نہیں، نادرا میں نہ حافظ حمد اللہ کے شناختی کارڈ نہ فیملی کے لنک کا پرانا ریکارڈ ملا، 12 دسمبر 2018 کو سیکیورٹی ادارے کی جانب سے حافظ حمد اللہ کو افغان نیشنل قرار دیا گیا،نادرا کے مطابق گیارہ اکتوبر کو سیکیورٹی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا حافظ حمد اللہ کی دستاویزات بوگس ہیں۔