لاہور( این این آئی )امریکہ کی جانب سے پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کی دو پروازوں کاشیڈول جاری کر دیا گیا ، پہلی پرواز 10 مئی کو واشنگٹن سے اسلام آباد جبکہ دوسری پرواز 13 مئی کو واشنگٹن سے کراچی کیلئے روانہ ہو گی۔ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو پہلی بار براہ راست پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے تحت پی آئی اے خصوصی چارٹرپروازوں کے ذریعے امریکہ میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لائے گی ۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ابتدائی طور پر واشنگٹن سے پاکستان کے لئے دو پروازوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے تحت پہلی پرواز 10 مئی کو واشنگٹن سے اسلام آباد جبکہ دوسری پرواز 13 مئی کو واشنگٹن سے کراچی کے لئے روانہ ہو گی۔ ایک اور پرواز نیو جرسی سے لاہور کے لئے روانہ ہو گی جس کی روانگی کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ حکومت پاکستان امریکہ سے تین مزید چارٹرپروازوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے جن کی روانگی کی تاریخوں اور مقامات روانگی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جن پاکستانیوں نے پہلے سفارتخانے اور قونصلیٹ میں رجسٹریشن کرارکھی ہے ان سے خصوصی پروازوں کیلئے خود رابطہ کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق مسافر مزید تفصیلات کے لئے پی آئی اے کے کال سینٹر 021-111-111-786 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔