اسلام آباد (این این آئی)تاجروں کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوگیا ،مرکزی تنظیم انجمن تاجران نے ملک بھرمیں دس مئی سے دکانیں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک کے اندرعملاً لاک ڈاؤن کرنے میں ناکام ہوچکی ،تاجرتعاون کر رہے ہیں مگر بھوک و افلاس کے باعث دکانیں کھلنے کیلئے مجبور ہیں۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی تنظیم انجمن تاجران کے صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث کورونا وبا کا پھیلاؤ کم ہوا مگر رکی نہیں وزیراعظم لاک ڈاؤن کی مخالفت کرتے ہیں تو کون سی طاقت فیصلے تبدیل کرتی ہے یہ سیزن کے دن ہیں اگران میں کاروبار نہ کیا تو تاجروں کے مالی حالات مزید خراب ہوں گے ۔انھوں نے دس مئی سے دکانیں کھولنے کا اعلان کیا۔ کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے تاجروں کوریلیف دینے کی بجائے ان کیلئے زیادہ مسائل کھڑے کیے ہیں، بجلی کمپنیاں تاجروں کے میٹر کاٹ رہی ہیں ،آن لائن کاروبار کیلئے بنائی گئی ایس او پیزناقابل عمل ہیں ،ہردکاندار کس طرح تھرمل گن رکھ سکتا ہے جو سرکاری ہسپتالوں کوبھی دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تاجروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے حکومت خود کہتی ہے کہ کورونا کے ساتھ معمولات زندگی چلانا ہوں گے ،لاک ڈائون ختم کرنے کیلئے قابل عمل ایس او پیز بنائے جائیں، مارکیٹوں میں سینیٹائزر گیٹ لگوانا اور رش کم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔