لاہور ( آن لائن )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہبازشریف کو قومی احتساب بیورو(نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں تفتیش کیلئے کل طلب کر لیا ہے۔ شہباز شریف کو مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ دن12 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف تحقیقات میں قومی ادارے کے ساتھ تعاون کریں اور ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔یاد رہے کہ شہباز شریف کو پہلے بھی 2بار طلب کیا گیا تھا لیکن وہ ملک میں ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے تاہم انہوں نے اپنے نمائندے کے ذریعے نیب کو دستاویزات جمع کرائی تھیں۔ قومی احتساب بیورو شہباز شریف کی جانب سے بھیجے گئے جواب سے مطمئن نہیں۔ اس با ر نیب نے ن لیگ کے صدور کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کے مطابق بذات خود پیش ہوں اور مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔ ۔ نیب کا کہنا ہے کہ سال 1998 سے سال 2018 کے دوران فیملی کے اثاثے بڑھ کر 549 ارب ہوئے۔ پبلک آفس ہولڈر ہونے کی حیثیت سے ان اثاثوں میں اضافے کی وضاحت دیں۔نیب نے استفسار کیا کہ بیرون ملک کون کون سے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس موجود ہیں ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ سال 2005 سے سال 2007 کے دوران لیے جانے والے قرض کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔شہباز شریف سے فیملی کو دیے جانے والے اور موصول ہونے والے تمام تحائف کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور سال 2008 سے سال 2019 کے دوران زرعی آمدنی کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔