جیکب آباد(این این آئی) جیکب آباد میں سٹی پولیس کا میڈیکل اسٹور کے مالک پر تشدد، ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے حبیب چوک پر واقع میڈیکل اسٹور پر سٹی پولیس کے اہلکاروں نے دھاوا بول کر میڈیکل اسٹور کے مالک نیرج کمار کو میڈیکل اسٹور سے باہر گھسیٹ کر سخت تشدد کا نشانہ بنایا،
پولیس اہلکاروں کی میڈیکل اسٹور کے مالک پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیال پر وائرل ہوگئی ہے جس پر شہریوں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے شہریوں کا کہنا تھا کہ میڈیکل اسٹور کو کھولنے کی اجازت ہے مگر اس کے باوجود پولیس کی جانب سے شہریوں پر تشدد افسوسناک اور قانون کے منافی ہے، اس سلسلے میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے میڈیکل اسٹور کے مالک نیرج کمار نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سٹی پولیس کے اہلکار شام 5 بجے میڈیکل میں داخل ہوئے اور مجھے بلاجواز تشدد کا نشانہ بنایا انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے میڈیکل اسٹوروں کو رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت دی ہے مگر پولیس زبردستی میڈیکل بند کرارہی ہے، انہوں نے ایس ایس پی جیکب آباد سے اپیل کی کہ بلاجواز تشدد کا نشانہ بنانے والے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے اور سندھ حکومت کے حکم کے تحت 8 بجے تک میڈیکل اسٹوروں کو کھولنے کی اجازت دی جائے۔