بدھ‬‮ ، 25 دسمبر‬‮ 2024 

رمضان میں باجماعت نمازیں اور تراویح پڑھانے پر اصرار جاری رکھا گیا تو۔۔۔!!! نامور مسلمان ماہرین صحت نے بڑے خطرے سے آگاہ کردیا

datetime 22  اپریل‬‮  2020
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی(این این آئی)پاکستان سمیت برطانیہ اور سعودی عرب کے نامور مسلمان ماہرینِ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر رمضان میں باجماعت نمازیں اور تراویح پڑھانے پر اصرار جاری رکھا گیا تو پاکستان میں کورونا وائرس سے سیکڑوں اموات ہو سکتی ہیں۔

ان خدشات کا اظہار سعودی عرب، برطانیہ اور پاکستان کے نامور ماہرینِ صحت مکہ مکرمہ سے ڈاکٹر مغیث، مدینہ منورہ سے ڈاکٹر فرید شاہ، لندن سے ڈاکٹر خرم خان، کراچی سے ڈاکٹر عبدالباری خان، ڈاکٹر فیصل محمود، ڈاکٹر شیمویل اشرف، ڈاکٹر سعد خالد نیاز، ڈاکٹر عبدالباسط، ڈاکٹر حنیف چٹنی، ڈاکٹر زاہد جمال، ڈاکٹر یحییٰ چائولہ، ڈاکٹر رضا سید اور میر پور خاص سے ڈاکٹر رضی محمدنے پاکستانی علما، حکومتِ پاکستان اور ملک کی تاجر برادری کو لکھے گئے ایک خط میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مساجد میں نماز پڑھنے والے زیادہ تر افراد کی عمریں 50 سال سے زائد ہوتی ہیں جو کہ کورونا وائرس کے حملے کا سب سے آسان شکار ہوسکتے ہیں، رمضان میں باجماعت نماز اور تراویح کے اجتماعات کے نتیجے میں پاکستان کے کمزور نظام صحت پر ایسا دباو پڑ سکتا ہے کہ وہ بالکل ہی بیٹھ جائے۔نامور مسلمان ماہرینِ صحت نے کہاکہ مساجد میں باجماعت نمازوں کے نتیجے میں کرونا وائرس پھیلنے اور غیرمعمولی اموات کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ اسلام اور مسلمانوں کو بھی شدید بدنامی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، علما سے گزارش ہے کہ وہ باجماعت نمازوں کے فیصلے پر نظرثانی کریں اور لوگوں کو گھروں پر نماز پڑھنے کی ترغیب دیں۔بین الاقوامی شہرت کے حامل ان ماہرین صحت نے کہاکہ وہ COVID-19 کی شکل میں ایک نظر نہ آنے والے لیکن جان لیوا دشمن سے نمٹنے کے لیے اتفاقِ رائے قائم کرنے پر دل کی گہرایوں سے علما کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں!۔

انہوں نے کہاکہ درحقیقت یہ نہ صرف پاکستان کے مسلمانوں کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک ایسا وقت ہے جو کہ معلوم تاریخ میں پہلے کبھی نہیں آیا، بحیثیت ڈاکٹرز، ہم کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال اور نگرانی کرنے میں صفِ اول میں ہیں، جو کہ ایک معمولی سی بیماری سے تیزی سے مہلک بیماری میں بدل سکتی ہے، ہم نے محسوس کیا ہے کہ حکومت اور علما کونسل کے مابین جو معاہدہ ہوا وہ نسبتا مضبوط اصولوں پر مبنی تھا، تاہم ہمارے پاس ابتدائی مشاہدات پر مبنی چند لیکن مضبوط تحفظات ہیں، جن کو ہم اپنی ذمے داری سمجھتے ہوئے آپ کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔

ماہرینِ صحت نے کہاکہ ہماری مساجد میں عام طور پر 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگ سب سے زیادہ ہوتے ہیں اور مساجد ان ہی نمازیوں سے بھری ہوئی ہوتی ہیں، پچھلے 48 گھنٹوں میں کچھ تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں جن میں یہ واضح طور پہ دیکھا گیا ہے کہ نماز میں شرکت کرنے والے 80 فیصد سے زیادہ لوگ واقعی 50 سال سے زیادہ عمر کے تھے، حقیقت میں زیادہ تر کی عمر 60 یا 80 کے پیٹے میں معلوم ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس مشاہدے کی توقع کی جا رہی تھی کیونکہ جن لوگوں نے ساری زندگی مسجد جا کر نماز پڑھنے میں عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، انہیں مساجد کھلنے کے بعد مسجد میں نماز پڑھنے سے روکنا مشکل ہوگا۔

ماہرینِ صحت نے کہاکہ واضح طور پر اس کے نتیجے میں عوام میں سے سب سے کمزور گروپ میں وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے پہلے اور اہم ترین اصول کی خلاف ورزی ہوتی ہوئی نظر آئی ہے اور ان کے اس شبے کو تقویت ملی ہے کہ ان حضرات کو مسجد آنے سے روکنا بہت مشکل ہوگا۔بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرینِ صحت نے کہا کہ رمضان المبارک قریب آنے کے ساتھ ہی وہ سمجھتے ہیں کہ نمازیوں کی مساجد میں زیادہ تعداد میں حاضری متوقع ہے، مزید یہ کہ نمازِ تراویح اور انتظار کے اوقات طویل مجلس کا باعث بنیں گے، اس کے نتیجے میں یہ سب کچھ یقینی ہے کہ اس سے بہت زیادہ انارکی پھیلے گی۔

کیونکہ سماجی فاصلے کے اصولوں کے مطابق چلنے والی مساجد میں باقاعدہ نمازیوں میں سے 20-25 فیصد تک ہی آ سکیں گے، باقی رہ جانے والے شدیداحتجاج کریں گے، جو صورتِ حال کو مزید خراب کرنے کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہاکہ اس کے نتیجے میں ہمیں حیرت نہیں ہوگی، اگر وائرس کے پھیلائو کے علاوہ دیگر مسائل بھی ہماری مساجد میں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پیدا ہو جائیں، جن میں نمایاں طور پر نمازیوں، مساجد کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین تنازعات ہیں، حال ہی میں یہ تنازعات بھی چند علاقوں میں دیکھے گئے ہیں، ہمیں پچھلے چند دنوں میں کراچی کے مقامی اسپتالوں میں کورونا مثبت مریضوں کی ایک بڑی تعداد کی آمد کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ماہرینِ صحت نے کہاکہ اپنے تجزیے کی بنیاد پر ہمیں خدشہ ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں اس تعداد اور اس کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں تیزی سے اضافہ ہوگااور اس کے نتیجے میں بلاشبہ ہمارے پہلے ہی کمزور نظامِ صحت پر نمایاں دباو بنے گا جس کو برداشت کرنے کی صلاحیت ہمارے نظام میں نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ زیادہ لوگوں کے باہر نکلنے سے وائرس کو زیادہ افزائش کے مواقع ملیں گے اور یہ تیزی سے لوگوں میں پھیلے گا اور ہمیں اس بات کے شدید خدشات لاحق ہیں کہ ہماری مساجد اس وائرس کے پھیلنے میں معاون ثابت ہوں گی، بالآخر، یہ تمام امور نہ صرف اسلام اور ہمارے علمائے کرام کی ساکھ کو خطرے میں ڈالنے کا سبب بنیں گے بلکہ اس سے ہماری اور ہمارے بھائیوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوگا جو کہ یقینا ناپسندیدہ امر ہے۔

ماہرینِ صحت نے کہاکہ یہ بات سب کے علم میں ہے اور عالمی سطح پر مسلم ہے کہ پاکستان کی حیثیت اسلام کے ایک قلعے کی ہے جس کے ساتھ پورے عالم اسلام کی سالمیت، حرمین شریفین کی سالمیت، بڑے بڑے دینی مراکز و تحریکات کی سالمیت وابستہ ہے، دوسری طرف اس ملک کے دشمن ہمیشہ اس انتظار میں رہے ہیں کہ جیسے ہی ملک کمزوری کا شکار ہو تو اس کی یہ صلاحیت ختم کی جائے بلکہ اس کا جغرافیائی وجود ہی صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں اگر اس وبا کے کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے اس ملک و ریاست کی جو صورت حال ہوگی وہ صرف قیمتی جانوں کے ضیاع تک محدود نہیں ہوگی بلکہ پورے عالم اسلام کو خطرے میں ڈالنے کی صورت ہوگی اور اس ملک کا نقصان صرف اس ملک کی حد تک محدود اور وقتی نہیں ہوگا بلکہ ایک عالمی اور دائمی زوال کا سبب بنے گا۔

ماہرین ِصحت نے کہاکہ بحیثیت ڈاکٹر وہ انسانی جانوں کو بچانے کے لییاپنی جان پر کھیل کر شہیدوں میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں، تو وہیں یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ اگر صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد باقی لوگوں کی جان بچانے کی کوششوں میں اپنی جان سے چلے جائیں تو، ہمارے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے کے لیے افرادی قوت سمیت بہت سارے وسائل نہیں ہوں گے اور ہم یہ بات جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں اور وطن عزیز میں کئی ڈاکٹرز اس جنگ میں اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی آبادی باقی دنیا کے مقابلے میں اس وائرس سے زیادہ محفوظ نہیں ہے۔

یہ بات برطانیہ میں قومی صحت کے ادارے کے ذریعے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتی ہے، وہاں مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کی کثیر تعدا ایشین باشندوں پر مشتمل ہے جس میں بہت سارے برصغیر پاک و ہند کے مسلمان بھی شامل ہیں، در حقیقت یہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے کہ ایسا کیوں ہوا ہے کہ بڑی تعداد میں ایشین عملہ اس سے متاثر ہوا اور ان میں سے کئی لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ان نامور ڈاکٹر حضرات نے کہاکہ اس سلسلے میں ایک اہم حقیقت جس کو ہم سب کو سمجھنے اور اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے وہ یہ کہ پاکستانی معاشرے کے سماجی تانے بانے، جہاں ہم سب جانتے ہیں کہ بدانتظامی، بے ضابطگی اور قواعد پر عمل پیرا نہ ہونا بنیادی طور پر ایک عام بات ہے۔

جہاں شہروں کے پڑھے لکھے لوگ یومیہ سادہ ٹریفک قوانین پر عمل نہیں کرتے ہیں، جہاں ہمارے معاملات میں غلط بیانی، وعدہ خلافی اور امانت میں خیانت ایک معمول ہے، اس طرح کی عادات و اطوار اور مزاجوں کے نمونوں کو دیکھتے ہوئے، علمائے کرام، مساجد کی انتظامیہ اور سرکاری اداروں کے لے یہ تقریبا ناممکن ہے کہ لوگوں کو متفقہ دستاویز میں مذکور شرائط کی 100 فیصد پابندی کروا سکیں، خاص طور پر ملک کے ایسے گنجان آباد علاقوں میں جہاں لوگ عام طور پر تعلیم یافتہ نہیں ہیں اور ان تمام شرائط کی خلاف ورزی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل اور ان کے نتائج و عواقب کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔

ماہرین صحت نے کہاکہ اگر ہم مساجد کی صورتِ حال کا کاروباری اداروں اور دکانوں کے ساتھ موازنہ کررہے ہیں تو یہ کوئی معقول موازنہ نہیں ہے، تاہم دوسری طرف ہم حکومتی انتظامیہ اور تاجر برادری سے بھی درخواست کر رہے ہیں کہ وہ صبر سے کام لیں اور بازاروں پر بھی پابندی کو برقرار رکھیں اور غیر ضروری دکانوں کو بند رکھنا جاری رہے اور صرف انتہائی ضروری کاروباروں جیسے اجناس کی فراہمی وغیرہ کی اجازت ہونی چاہئے اور اس میں بھی بہتر یہی ہے کہ گھروں پر سامان پہنچا دیا جائے اور اگر ضروری ادارے، اجناس کی دکانیں،سبزی منڈی،بینک وغیرہ کھولے بغیر چارہ نہ ہو تو حکومت اور تاجروں کی ذمے داری ہے کہ وہ سختی سے قواعد و ضوابط پر عمل کروائے اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اندر احساسِ ذمے داری پیدا کریں اور قواعد پر عمل کریں۔ان ماہرینِ صحت نے کہاکہ مذکورہ بالا تفصیلی وجوہات کی بنا پر ہم انتہائی احترام اور عاجزی کے ساتھ آپ سے مساجد کے لیے کیے گئے حالیہ فیصلے پر نظرثانی کرنے کی درخواست کرتے ہیں اور ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ مساجد میں صرف 5 نمازیوں تک کی اجازت دینے کے سابقہ فیصلے پر واپس ایک قدم پیچھے جایا جائے، یہ اسلام، پاکستان، ہمارے قابل احترام علمائے کرام، دین سے محبت کرنے والے لوگوں اور عام عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…