لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نیب میں شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف لندن سے پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کرونا کے خلاف جنگ لڑنے کی بڑھکیں مار کر پاکستان آئے تھے۔
اب شہباز شریف کہتے ہیں میں انہتر سالہ کینسر کا مریض ہوں اور مجھے کرونا ہونے کا خدشہ ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف جب سے ملک واپس آئے ہیں، کرونا کے نام پر ڈرامے بازی کر رہے ہیں۔ کبھی وہ لیپ ٹاپ لیڈر بن جاتے ہیں اور کبھی ڈاکٹروں اور صحافیوں کو ایک صابن، ایک ہینڈ سینی ٹائزر اور ماسک کی شکل میں مضحکہ خیز حفاظتی کٹس دے رہے ہوتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں کی جانب سے تحقیقات پر احتساب سے بچنے کے لیے شہباز شریف کرونا وائرس کا بہانہ کر کے پتلی گلی سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے شہباز شریف کی منی لانڈرنگ، اقربا پروری اور ٹی ٹی پر مبنی ڈاکوں کا حساب کتاب مانگ رہے ہیں اور شہباز شریف کو اپنی کرپشن اور بددیانتی کا ہر حال میں حساب دینا ہو گا۔