لاہور(این این آئی)کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب حکومت کو مختلف مدوں میں 18کھرب روپے تک نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے،جی ڈی پی بھی 9 فیصد تک کم ہو نے کا امکان ہے۔ذرائع نے سرکاری دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ
کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پنجاب میں 30 سے 40 لاکھ ملازمتیں فوری طور پر ختم ہونے کا خدشہ پیداہوگیا ہے اور اگر اس وباء پر بروقت قابو نہ پایا جا سکا تو مزید 47 لاکھ ملازمتو ں کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ دستاویز کے مطابق معاشی مشکلات کی وجہ سے پنجاب میں خط غربت میں زندگی گزارنے والی 23 فیصد آبادی کا گراف بڑھ کر 58 فیصد تک پہنچ سکتا ہے جس میں آبادی کا 19 فیصد متوسط طبقہ بھی شامل ہو جائے گا۔دستاویز کے مطابق پنجاب کی معیشت کو تاریخی نقصان ہوگا جس میں ٹیکس وصولی کے اہداف بھی شامل ہیں اور مجموعی طور پر18کھرب روپے تک نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔دستاویز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کوروناکے باعث پنجاب کاجی ڈی پی بھی 9 فیصد تک کم ہو جانے کا خدشہ ہے اور اگر صورتحال بر قرار رہی تویہ ہر ماہ ایک فیصد تک مزید کم ہوگا۔