کراچی (این این آئی) یونین کمیٹی۔1نارتھ کراچی کی حدودمیں شامل مختلف آبادیوں کی خواتین نے راشن نہ ملنے پر چیئرمین کے خلاف احتجاج کیا،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مظاہرین نے کہاکہ لاک ڈاؤن کو مہینہ بھرہوگیاہے،اب تک راشن کے نام پر بھاشن مل رہاہے، ایک مہینے سے یوسی آفس کے چکر لگارہے ہیں، روزانہ کوئی نہ کوئی بہانہ بناکر ٹرخادیاجاتاہے،ہم نے سب سے پہلے انٹری کرائی تھی اس کے بعدسے روزانہ دھکے کھا رہے ہیں،اب ہمیں جواب دیا
جا رہا ہے کہ راشن ختم ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ جب راشن کسی کوملاہی نہیں تو کہاں چلاگیا،یوسی چیئرمین شاہد کلیم امدادی راشن اپنے من پسند لوگوں کو دے رہاہے،ہمارے سامنے لوگوں کو فون کرکے بلایاجاتاہے اور خاموشی سے اسے راشن دے دیاجاتاہے جبکہ ہم روزانہ چکر لگارہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ غریبوں کے نام پر ملنے والاراشن غریبوں کو ہی دیاجائے اور غریبوں کے حق پر ڈاکاڈالنے والوں کو بے نقاب کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔