اسلام آباد (این این آئی)سندھ حکومت کے راشن تقسیم میں ٹائیگر فورس کو شامل کرنے کا فیصلے کا وفاقی حکومت نے خیر مقدم کیا ہے۔ اتوار کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے ویڈیو بیان میں کہاکہ میڈیا رپورٹ سے پتا چلا سندھ حکومت نے ٹائیگر فورس کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے،سندھ حکومت کا فیصلہ خوش آئیند ہے خیر مقدم کرتے ہیں۔عثمان ڈار نے کہاکہ ان حالات میں سندھ حکومت کی جانب سے ایسے ہی فیصلے کی توقع تھی۔
انہوں نے کہاکہ یقین دلاتا ہوں ٹائیگر فورس سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کے کام کرے گی۔ عثمان ڈار نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قومی قیادت کو واضح پیغام دیا ہے،وزیراعظم کی جانب سے قومی معاملے میں سیاست نہ کرنے کی درخواست کی گئی،ٹائیگر فورس صرف قومی جذبے کے تحت ہنگامی حالات میں کام کرے گی،امید ہے باقی صوبے بھی اسی طرح مل کر ٹائیگر فورس کو متحرک کریں گے۔عثمان ڈار نے کہاکہ لاکھوں کی تعداد میں رجسٹرڈ نوجوانوں کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔