اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے افغان شہری کی جائیداد خریداری معاملہ میں افغان شہری سے مکان کا قبضہ واپس دلوانے کی درخواست خارج کر دی۔ جمعہ کو جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے کہاکہ مکان کا خریدار ظفر خان افغان شہری ہے اس بارے میں ماتحت عدالتوں میں نقطہ نہیں اٹھایا گیا،فارن ایکٹ کے تحت کوئی
غیر ملکی پاکستان میں جائیداد نہیں خرید سکتا۔عدالت نے معاملے پر سٹے آرڈر جاری کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ آپ کے پاس کیا ثبوت ہے کہ مکان خریدار ظفر خان افغان شہری ہے؟ ۔ وکیل درخواست گزار شمعون مسیح نے کہاکہ ظفر خان کے دو شناختی کارڈ ریکارڈ پر ہیں، ظفر خان کے پہلے اور دوسرے شناختی کارڈ کے نمبر مختلف ہیں۔ وکیل نے کہاکہ نادرا کی ملی بھگت سے جعلی شناختی کارڈ بنوائے گئے۔ وکیل نے کہاکہ مکان خریدتے وقت ظفر خان نے کوئی شناختی ثبوت نہیں دیا تھا، جعلی شناختی کارڈ عدالت میں بھی پیش کیا گیا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ آپ نے یہ نقطہ ڈسٹرکٹ کورٹ اور ہائیکورٹ میں کیوں نہیں اٹھایا؟ ڈسٹرکٹ کورٹ اینڈ ہائیکورٹ نے مکان ظفر خان کے نام ڈگری کیا ہے۔