اسلام آباد(این این آئی)حکومت پاکستان نے کورونا وباکے خلاف علاقائی سطح پر کوششوں میں مدد فراہم کرنے کے لئے سارک کورونا ایمرجنسی فنڈ کے لئے 3 ملین امریکی ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ سارک سیکریٹریٹ کو پاکستان کے فیصلے سے مطلع کرتے ہوئے آگاہ کیاگیا ہے کہ سارک سیکریٹریٹ کو یہ فنڈ بروئے کار لانا چاہئے اور اس کے استعمال کے لئے طریقہ کار کو حتمی شکل سارک منشور کے مطابق رکن ممالک کی مشارت سے دی جائے۔
پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سہیل محمودنے سارک کے سیکریٹری جنرل ایسالہ رووان ویراکوون کوجمعرات کو ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران اس ضمن میں پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ بانی رکن کے طورپر پاکستان سارک کو علاقائی تعاون کا ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے۔ پاکستان سارک عمل کے لئے پختہ وابستگی رکھتا ہے اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر علاقائی تعاون کو تقویت دینے کے لئے کام کرتا رہے گا۔