اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے کورونا وائرس کے خلاف بروقت موثر اقدامات کیے تاہم ہمیں مزید احتیاط اور ذمہ داری کی ضرورت ہے،این ڈی ایم اے نے ملک کے 152 ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس روانہ کردی ہیں، آزاد کشمیر میں 4، بلوچستان میں 4، اسلام آباد میں 7، خیبر پختونخوا میں 21، پنجاب میں 74 اور سندھ میں 42 ہسپتالوں میں این 95 ماسک، گلووز، گاؤن بھیجے گئے ہیں،
تمام معاملات میں صوبائی حکومتوں کو آن بورڈ رکھا جارہا ہے،572افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جمعرات کو یہاں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے ملک کے 152 ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس روانہ کردی ہیں، آزاد کشمیر میں 4، بلوچستان میں 4، اسلام آباد میں 7، خیبر پختونخوا میں 21، پنجاب میں 74 اور سندھ میں 42 ہسپتالوں میں این 95 ماسک، گلووز، گاؤن بھیجے گئے ہیں دیے جبکہ تمام معاملات میں صوبائی حکومتوں کو آن بورڈ رکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کئی روز سے یہ بات کی جارہی ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح کم ہیں، کسی حد تک یہ بات درست ہے اور خوش قسمتی ہے کہ ہمارے تخمینے غلط ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ‘رب کائنات کے کرم کے بعد یہ اس بات کا نتیجہ ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے جو بروقت اقدامات کیے ان کا یقینی طور پر اثر ہوا ہے لیکن اگر لوگ مطمئن ہوجائیں اور یہ سمجھیں کہ اب ان اقدامات اور احتیاط کی ضرورت نہیں ہے تو یہ بہت بڑی غلطی ہوگی، ہمیں مزید احتیاط اور ذمہ داری کی ضرورت ہے۔ملک میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں اس وقت کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 322 ہے، چوبیس گھنٹوں میں 248 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک پاکستان میں کورونا کے 34 ہزار 896 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 572 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مریضوں کی صحت یابی دیگرممالک سے بہت زیادہ تیز رفتاری سے ہو رہی ہے۔