اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور پولیس نے معروف عالم دین ناصر مدنی کو کورونا وائرس کے بارے ’’بریف ‘‘کر دیا جس کے بعد مولا نا نے ایک ویڈیو میں عوام کو کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کرنے اور اس کی روک تھام کے لیے حکومت ، پولیس اور فوج کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔
لاہور پولیس کی جانب سے کرونا وائرس پر دی گئی بریفنگ کے بعد علامہ ناصر مدنی کا اپنے ویڈیو پیغام میں یو ٹرن لیتے ہوئے کہنا تھا کہ ” لاہور پولیس کی جانب سے دی گئی بریفنگ سے میں مکمل اتفاق کرتا ہو ں اور اپنے تمام چاہنے والوں پر یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ کرونا وائرس بہت ہی مہلک بیماری ہے جس سے تمام مسلمانوں کو بچنے کی ضرورت ہے۔ تاہم میری تمام مسلمانوں سے درخواست ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔علامہ ناصر مدنی کا اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہنا تھا کہ تمام لوگ کرونا وائرس کے خلاف کھڑے ہوں اپنی پولیس، فوج اور حکومت کا اس مہلک بیماری سے نمٹنے کے لیے ساتھ دیں۔ کسی سے ہاتھ نہ ملائیں، گلے نہ ملے ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھوئیں۔ انکا اپنے ویڈیو پیغام میں مخیر حضرات سے خصوصی التجا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس پیدا شدہ صورتحال میں غریب اور دیہاڑی دار مزدوروں کی امداد کی جائے اور انکے گھروں میں راشن پہنچایا جائے۔