کراچی (این این آئی) کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث ملک میں ادویات کی ترسیل بند ہو گئی ہے۔کرونا وائرس کے بعد ادویات کی طلب میں اضافہ ہوا ہے مگر لاک ڈائون ہونے سے ادویات کی ترسیل میں رکاوٹ کا سامنا ہے کیونکہ کورئیر کمپنیوں نے لاک ڈاؤن کے باعث ایک شہر سے دوسرے شہر دواؤں کی ترسیل سے معذرت کر لی ہے۔کرونا وائرس کے باعث مختلف شہروں میں دواؤں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔
کورئیر کمپنیوں پر پابندی کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں جان بچانے والی ادویات کی قلت پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ چئیرمین پی سی ڈی اے(سندھ) غلام ہاشم نورانی کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت فوری طور پر کورئیر کمپنیوں کو دواؤں کی انٹر سٹی ترسیل کی اجازت دے،اگر پابندی فوری ختم نہ ہوئی تو کرونا کے لئے بنائے گئے اسپتالوں میں ادویات کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔