اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کر دی، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق رات 8 بجے کے بعد کسی کو بھی سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ صرف ہسپتالوں کے قریب واقع میڈیکل اسٹورز کو کھلا رکھا جاسکے گا۔تمام گلی، محلہ، بازاروں میں رات 8 بجے کے بعد کسی بھی قسم کے کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی، سندھ حکومت نے پورے صوبہ کو 23 مارچ سے پندرہ روز کے لئے لاک ڈاؤن
کیا ہوا ہے، اس دوران تمام تجارتی مراکز، پارکس اور تفریحی مقامات بند ہیں۔ سندھ حکومت نے شہریوں کی نقل و حرکت کو مزید محدود کرنے کے لئے لاک ڈاؤن مزید سخت کردیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق اگلے 13 روز کے لیے صوبے میں رات 8 سے صبح 8 بجے تک کھانے پینے کی اشیا اور پرچون کی دکانیں بھی بند رہیں گی لیکن ہسپتال کھلے رہیں گے اور ان کے قریب ترین میڈیکل سٹور وں کو ہی کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔