اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران سے آنے والے 25 زائرین کو گرفتار کر لیا گیا۔زائرین نے خود کو ٹرک میں سامان کے پیچھے چھپایا ہوا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق ایران سے آنے والے ٹرک میں چھپے 25 زائرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایران سے آنے والے زائرین کو ٹرک میں چھپا کر لاہور منتقل کیا جارہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق راجن پور کے علاقے میں بنگلہ دھنگن کے قریب پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں نے ٹرک روک کر تلاشی لی تو سامان کے پیچھے 25 زائرین چھپے ہوئے تھے جنہیں گرفتار کرکے تھانہ کوٹ مٹھن منتقل کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک ہزار ہوگئی ۔ بدھ کو کمانڈ اینڈ کنٹرول نے نئے اعداد و شمار جاری کردئیے جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک ہزار ہوگئی ۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں 413، پنجاب میں 296، بلوچستان میں 115 مریض ہیں ،گلگت بلستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 81 ہوگئی ،خیبرپختونخواہ میں کیسز کی تعداد 78، اسلام آباد میں 16 مریض بتائے گئے ،ایک اور مریض نے کورونا وائرس کو شکست دے دی جس کے بعد صحت یاب مریضوں کی تعداد 19ہوگئی ۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس سے ابتک 7 مریض جان بحق ہوچکے ہیں،کورونا وائرس میں مبتلا پانچ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔