اسلام آباد (این این آئی) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز بیان معاملہ پر جواب جمع کرادیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ میں نے الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کی۔ ممبر پنجاب الطاف اہراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے مسلم لیگ (ن )کی درخواست پر سماعت کی ۔ دور ان سماعت فردوس عاشق اعوان کی جانب سے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔
الیکشن کمیشن میں فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جواب جمع کرادیا گیا۔ فردو س عاشق اعوان نے کہاکہ میں نے الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کی، اگر الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ میں نے توہین کی ہے تو غیر مشروط معافی مانگتی ہوں۔ درخواست گزار خالد محمود نے کہاکہ میں ٹرانسکرپٹ اور سی ڈی الیکشن کمیشن میں جمع کراچکا ہوں۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ ہمیں فردوس عاشق اعوان کے بیان والی کوئی سی ڈی ہمیں موصول نہیں۔ درخواست گزار خالد محمود نے کہاکہ میں ویڈیو ٹرانسکرپٹ دوبارہ جمع کرا دونگا۔ وکیل فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ درخواستگزار فردوس عاشق اعوان کیخلاف توہین آمیز مواد نہیں دے سکے، درخواست خارج کی جائے۔ دور ان سماعت الیکشن کمیشن نے درخواستگزار سے ویڈیو ٹرانسکرپٹ مانگ لیا۔ الیکشن کمیشن نے فروس عاشق اعوان کیخلاف درخواست پر سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی۔