اسلام آباد(این این آئی) پاکستان نے کرونا وائرس کے پھیلتے اثرات کے تناظر میں پاک افغان چمن بارڈر پیرسے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پڑوسی ملک افغانستان میں پھیلتے کرونا وائرس کی پاکستان میں منتقلی کیلئے روک تھام اور انتظامات جاری ہیں۔ خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 2 مارچ سے 7 مارچ تک چمن کے مقام پر پاک افغان بارڈر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران سرحد کے دونوں جانب افغانستان اور پاکستان کے عوام کی صحت عامہ کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں
گے۔وزارت داخلہ کے مطابق چمن بارڈر کی بندش سے متعلق ایف سی کو حکم نامہ بھی موصول ہوگیا ہے۔ چمن بارڈر بندش کے دوران تجارت اور پیدل آمد و رفت بھی مکمل بند رہے گی۔ 2 مارچ سے7مارچ تک بارڈر مکمل طور پر سیل رہے گا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ طورخم سرحد پر آمدروفت بحال رہے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ مجاز حکام نے کرونا وائرس کی دونوں طرف منتقلی کے پیش نظر دونوں برادر ممالک کے عوام کے مفاد میں اٹھایا ہے۔ پاک افغان چمن سرحد کی حفاظت کی ذمہ داری فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ)کی ہے۔