کراچی(این این آئی) مزار قائد انتظامیہ نے لڑکی کی جانب سے مزار قائد پر رقص کرنے اور وائرل ویڈیو سوشل میڈیا سے ہٹانے کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سوشل میڈیا پر سفید لباس میں ملبوس نقاب پوش لڑکی کی مختلف ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں ۔
جن میں وہ مزار قائد کے احاطے میں ٹک ٹاک کے دوران محو رقص ہے،عکس بند کی جانے والی ویڈیوزمیں مختلف گانے بھی سنائی دے رہے ہیں، مذکورہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس عمل کے ذریعے مزار قائد کے تقدس کو پامال کیا گیا، شہریوں کے مطابق عام طور پر فلمبند کی جانے والی ویڈیوز کا معاملہ اس قدر سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے کہ اس میں اب بانی پاکستان کے مزار کو بھی نہیں بخشا گیا جو کہ ایک افسوسناک پہلو ہے، ویڈیو کی فلم بندی کے دوران عقب میں شہری بھی موجود ہیں۔مزار قائد سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر موجود مواد کو ہٹانے اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے مزار قائد انتظامیہ نے ایف آئی اے سے درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔