رحیم یار خان(آن لائن) یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم کے ریلیف پیکج میں فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ،رحیم یار خان ریجن میں آٹے کے سیکڑوں تھیلے بلیک میں فروخت کرکے سرکاری رجسٹر میں جعلی فروخت ظاہر کر دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے یوٹیلی اسٹورز پر ریلیف پیکج کے تحت رحیم یار خان کے عوام کو آٹے کی قیمت میں ریلیف سے محروم کر دیا گیا ، اس فراڈ میں یوٹیلٹی اسٹورز کے کچھ افسران اور فلور ملز کے لوگ شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان ریجن میں آٹے کے سیکڑوں تھیلے بلیک میں فروخت کردیئے گئے اور ان کو یوٹیلٹی اسٹورز کے رجسٹر میں آٹے کی جعلی فروخت ظاہر کر کے فراڈ کیا گیا۔دوسری جانب اس حوالے سے ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی نے میڈیا کو بتایا کہ رحیم یار خان ریجن میں آٹے کی فروخت میں گھپلوں کی شکایت موصول ہوئی ہیں، معاملے کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے اور زونل مینیجر سکھر کی سربراہی میں انکوائری شروع کروا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ 24 گھنٹوں میں موصول ہو جائیگی اور اس معاملے میں ملوث ملازمین کو معطل کیا جائیگا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم نے مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کیا تھا ۔