پشاور(این این آئی) پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کے بعد سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا جبکہ کئی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے لگیں۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقو ں میں بارش ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں پرژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی جس سے موسم پھر سرد ہونے لگا۔ محکمہ موسمیات کے مطا بق صوبے کے میدانی علاقوں اور جنوبی اضلاع سمیت کئی مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ملاکنڈ،ہزارہ، پشاور، مردان اور کوہاٹ ڈویژن میں موسلادھار بارش
کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، ان کے مطابق بارش اور ژالہ باری کا یہ سلسلہ آج بھی مختلف علاقوں میں جاری رہیگا۔ پی ڈی ایم اے نے تیز بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اورمتعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو جاری مراسلہ کیا ہے کہ وہ بارشوں کیلئے الرٹ رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے انتظامات کریں،پی ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں سیاحوں کو بھی غیر ضروری سفر سے اجتنا ب کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔