کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے کیماڑی میں سنگین فضائی آلودگی سے جاں بحق ہونے والے 14ویں شخص کی لاش کی شناخت کرلی گئی ہے، پولیس کے مطابق لاش گلشن سکندرآباد کیماڑی کے رہائشی 50 سالہ علی گل ولد رسول بخش کی تھی۔جیکسن پولیس کے مطابق کیماڑی میں ہوا میں زہریلی آلودگی کے دوسرے دن پیر کی رات متاثرہ شخص نجی اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گیا تھا، لاش کا پوسٹ مارٹم سول اسپتال میں کیا گیا۔متوفی کے پاس سے
شناختی دستاویزات نہیں ملی تھیں اور اس کا کوئی وارث بھی دستیاب نہیں تھا جس پر جیکسن پولیس نے لاوارث قرار دے کر رفاعی ادارے کے حوالے کی تھی۔اہلخانہ کے مطابق وہ دو روز سے لاپتہ تھا، اہل خانہ نے شک گزرنے پر رفاعی ادارے کے سرد خانے میں جا کر لاش کو علی گل کے نام سے شناخت کیا۔جیکسن پولیس کے مطابق لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے، 50 سالہ علی گل گلشن سکندرآباد کیماڑی کا رہائشی تھا اور پنجاب سے تعلق رکھتا تھا۔