کرتارپور(این این آئی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاہے کہ کرتارپور پراجیکٹ پوری دنیا کیلئے بین المذاہب ہم اذہنگی کی عملی تصویر ہے۔ منگل کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرتارپور راہداری کا دورہ کیا اس موقع پر وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے
معزز مہمان کا استقبال کیا ۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو زیرو پوائنٹ اور گوردوارہ کرتارپور کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو کرتارپور پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ پیر نور الحق قادری نے کہاکہ کرتارپور راہداری پراجیکٹ کو 10 ماہ کی قلیل مدد میں مکمل کیا گیا،گوردوارہ کرتارپور صاحب ورکنگ بائونڈری سے محض 4 کلومیٹر دوری پر ہے۔ وزیر مذہبی امور نے کہاکہ راہداری کا مقصد سکھ مذہب کے مقدس ترین مقام تک با سہولت رسائی دینا ہے ۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہاکہ پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے مثالی کام کیا ہے،کرتارپور پراجیکٹ پوری دنیا کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کی عملی تصویر ہے۔ انتونیو گوتریس نے کہاکہ پاکستان آ کر اپنایت کا احساس اور گھر جیسا محسوس کر رہا ہوں۔