اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم معائنہ کمیشن کا ہوشربا انکشاف میں اربوں روپے گیس نقصانات کی وجہ بیوروکریسی کی ناتجربہ کاری کو قرار دیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق پاکستان میں گیس کمپنیوں کے نقصانات کی شرح 13 فیصد ہے،اس کے علاوہ آسٹریلیا میں گیس کمپنیوں کے مجموعی نقصانات کی شرح 5.3 فیصد، فرانس میں 1.2 فیصد، جرمنی 0.6 فیصد اور سپین میں 0.7 فیصد ہیں۔دستاویز کے مطابق سویڈن میں گیس نقصانات 2.5 فیصد، یوکرین میں 2.6 اور برطانیہ میں 1.2 فیصد ہیں،
بھارت میں گیس کمپنیوں کو ترسیل اور تقسیم کے نقصانات کی اجازت نہیں ہے۔وزیراعظم معائنہ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ وزارت توانائی کی تکنیکی ناتجربہ کار اعلیٰ بیوروکریسی نقصانات کی وجہ ہے۔ وزارت کے سیکرٹریز مقامی اور درآمد گیس آپریشنز کی سمجھ بوجھ نہیں رکھتے۔تکنیکی تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے ای سی سی میں بھیجی سمریاں اوگرا قوانین سے متصادم ہوتی ہیں۔ وزارت کی سمریوں کی بدولت کمپنیوں کو اوگرا آرڈیننس سے متصادم رعایتیں ملتی ہیں۔