اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آغا نے دعویٰ کیا ہے کہ ق لیگ اور حکومت کے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد 80 روپے کلو فروخت ہونے والا آٹا 40 روپے پر آگیا ۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ق لیگ کے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات میں طے ہوا کہ تمام معاملات مل کر حل کئے جائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ میڈیا پر ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا تھا کہ ہم کسی وزارت کے لئے ناراض ہیں۔
ایسا بالکل بھی نہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق پاکستان کی واحد جماعت ہے جو معاہدے اپنے مفاد سے بالاتر قوم کے حق میں کرتی ہے۔ معاہدے میں سب سے پہلے عوام کو مہنگائی کے شکنجے سے جان چھڑانے کی بات کی گئی جس کے بعد حکومت نے مہنگائی کے خاتمے کے لئے 2 پیکجز کا اعلان کر دیا ۔ایک پیکیج 7 ارب روپے جبکہ دوسرا پیکیج 15 ارب روپے کا ہے۔ اس لئے 80 روپے میں بکنے والا آٹا اب 40 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔