لاہور(این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں جاری نام نہاد حکومتی کاروائیاں قابل مذمت ہیں، چینی کی دکانوں پر چھاپہ مار کاروائیاں بند کی جائیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ
چینی کی اوسط ایکس مل پرائس 76 روپے فی کلو ہے،کیرج اخراجات 2 روپے فی کلو تک ہیں جبکہ ہول سیل سے ریٹیلرز تک کا اضافی کرایہ خرچہ 50 پیسے فی کلو ہے،ہول سیلرز کا نفع 25 پیسے فی کلو اور ریٹیلرز کا نفع 1 روپے فی کلو تک ہے،چینی کی ریٹیل قیمت فروخت 75۔79 روپے تک بنتی ہیجبکہ اس قیمت میں 17 فیصد سیلز ٹیکس بھی شامل ہے۔ نعیم میر نے کہا کہ حکومت چھاپے مارنے کے بجائے بتائے کہ چینی کونسے ریٹ پر فروخت کرنی ہے،چینی سستی کرنی ہے تو حکومت 17 فیصد سیلز ٹیکس ختم کردے یا پھر حکومت جرات پیدا کرے اور ملک بھر کی 88 شوگر ملوں کو قومیانے کا اعلان کرے۔جب ملوں سے سستی چینی ملے گی تو قیمت خود بخود نیچے آجائے گی۔نعیم میر نے کہا کہ حکومت کو معاشی ناکامیوں کی ذمہ داری تاجروں پر ڈال کر راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، اگر حکومت نے اوچھے ہتھکنڈے ختم نہ کئے تو ملک بھر کی دکانوں پر چینی کی فروخت بند کردی جائے گی۔