سکھر(این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملک میں کمر توڑ مہنگائی، بے روزگار کے بعد ملک میں آٹے اور چینی کے مصنوعی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل وزیر اعظم کی حکمرانی عوام کیلئے اذیت ناک بن چکی ہے،ہم نے آزادی مارچ سے حکومت کی جڑیں کاٹ دی ہیں حکومت کیلئے پت جھڑکاموسم شروع ہوچکاہے،حکومت کے پتے گرنا شروع ہوگئے۔
ریکارڈ توڑمہنگائی، بے روزگاری خوفناک بدامنی کی وجہ سے لوگوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے، حکمرانوں نے بد ترین کرپشن کر کے نا صرف ملکی معشیت تباہ کر دی ہے بلکہ پوری دنیا میں ملک کو بدنام کر دیا ہے نااہل حکومت کی وجہ سے نا صرف ملکی مفادات بلکہ آزادی اور بقاء خطرے سے دوچارت ہو گئی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو سے ملاقات کے دوران کیا سکھر سے مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کے جاری کردہ بیان کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت خارجی اور داخلی طور پر ملک اور عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، کپتان کا حالیہ دورہ امریکہ بھی سوائے سیر و سیاحت کے کچھ بھی نہیں وزیر اعظم نے امریکہ کو خوش کرنے کیلئے کشمیر کے بجائے افغانستان کو فوکس رکھا، امریکی صدر ٹرمپ عمران خان کا دوست ہوسکتا ہے لیکن پاکستان کا نہیں ان کی جانب سے بار بار ثالثی کا ڈھونڈورا صرف دھوکہ دہی کے علاوہ کچھ نہیں، ٹرمپ کشمیر پر ثالثی نہیں بلکہ دستبرداری چاہتا ہے، مولانا فضل الرحمن پی ٹی آئی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن کے ستر سالہ ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے نت نئے ٹیکسز لگا کر کروڑوں نہیں اربوں روپے کی ریکوری کی گئی اور یہ رقم حکمرانوں نے اپنی جیبوں مین بھری، حالیہ ٹرانسپرنسی رپورٹ نے پی ٹی آئی کے نااہل حکمرانوں کو ننگا کر دیا ہے یہ مہنگائی کا طوفان آٹے و چینی کا بحران حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے،
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس سے بڑا ظلم اور نااہلی کیا ہوگی کہ ایک زرعی ملک میں لوگ آٹے اور چینی سمیت سبزیوں کیلئے ترس رہے ہیں آج عوام سرعام حکمرانوں کو بدعائیں دے رہے ہیں اب حکمران میڈیا سے ڈر رہے ہیں اور میڈیا سے دو ر رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس نااہل اور ناکام حکومت کا خاتمہ ناگزیر بن چکا ہے حکمران خبردار رہے ہم حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے دوبارہ پہلے سے بھی کئی گناہ بڑا آزادی ملین مارچ لیکر اسلام آباد آسکتے ہیں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے ہمارا ساتھ دیا ہوتا تو آج عوام پر یہ مصیبت برقرار نہ ہوتی، پی پی، ن لیگ قائدین نے مجھے اور عوا م کو مایوس کیا، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے زریعے فیصلہ کیا جاتا تو بہتر ہوتا مگر میں عوام کو اس حکومت سے نجات دلانے کیلئے پی پی، ن لیگ و دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کو بھی تیار ہوں۔