پنگریو(این این آئی)زیریں سندھ میں گندم کی نئی فصل تیارہونا شروع ہوگئی ہے مگروفاقی اور سندھ حکومت گندم خریداری کی پالیسی طے نہیں کرسکیں سندھ میں گندم اورآٹے کے بدترین بحران اورتاریخ کے بلندترین نرخوں کے باوجودحکومت سندھ نے گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آنے پر اس کی خریداری کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جس کی وجہ سے رواں سال بھی نئی گندم مافیا کی ذخیرہ اندوزی کا شکار ہونے کاخدشہ پیدا ہوگیا ہے
تفصیلات کے مطابق پنگریو اورزیریں سندھ کے دیگرعلاقوں میں اگیتی بوائی کردہ گندم کی نئی فصل پکنا شروع ہوگئی ہے اورامید ظاہر کی جارہی ہے کہ پنگریو جھڈو اور زیریں سندھ کے دیگر علاقوں میں نئی گندم تین سے چارہفتوں کے دوران مارکیٹ میں آجائے گی مگروفاقی اورسندھ حکومت نئی گندم کی خریداری کی پالیسی اورامدادی قیمت طے نہیں کرسکیں محکمہ زراعت سندھ کی جانب سے گندم کی خریداری کے مراکز قائم کرنے کے لیے بھی کوئی تیاری نہیں کی گئی محکمہ زراعت سندھ نے پنگریو اورگندم کی پیداوار کے حوالے سے اہم دیگرکئی شہروں کے ماضی میں قائم کردہ خریداری مرکز ختم کردیے گئے تھے جو تاحال بحال نہیں کیے گئے سندھ اورملک کے دیگرعلاقوں میں گندم اورآٹے کے سنگین بحران اورنرخ تاریخ کی بلند ترین شرح پر پہنچ جانے کے باوجودوفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے کوئی پالیسی نہ بنانے پر عوامی حلقوں نے شدید ردعمل کااظہار کیا ہے عوامی حلقوں کے مطابق نئی گندم کی خریداری کے لیے سرکاری مراکز قائم نہ کرنے کے باعث نئی گندم بھی مافیا کے اسٹوروں میں ذخیرہ ہونے کاخدشہ ہے جس کی وجہ سے سندھ اورملک کے دیگرعلاقوں میں گندم اورآٹے کے بحران میں مزیداضافے کاخدشہ پیدا ہوگیا ہے۔