راولپنڈی (آن لائن)پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے لگا اوپن مارکیٹ میں غیر معیاری اور کم وزن آٹے کے تھیلے کی قیمت 1ہزار روپے تک پہنچ گئی جبکہ چکی کا آٹا65سے70 روپے فی کلو گرام میں فروخت ہونے لگا آٹے، فائن آٹے اور میدے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث نان بائیوں نے بھی روٹی اور نان کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دے دیا ادھر آٹے کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا
پرچون فروشوں نے صارفین کو چینی کی ممکنہ قلت کی نوید دیتے ہوئے چینی کی قیمتوں میں یکدم 6سے8روپے فی کلو گرام اضافہ کر دیا جس سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت78روپے سے تجاوز کر گئی۔تفصیلات کے مطابق اس وقت مارکیٹ میں 20کلو گرام کا تھیلا مکمل طور پر ناپید ہوچکا ہے جبکہ 15کلو گرام تھیلے کی قیمت 1ہزار روپے تک پہنچ گئی جبکہ10کلو گرام آٹے کا تھیلا بھی 700روپے تک پہنچ گیا اسی طرح چکی کا آٹا گزشتہ10دن میں 10روپے فی کلو گرام اضافے کے ساتھ75روپے فی کلو گرام میں فروخت ہونے لگا شہریوں کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز اورموبائل فیئرپرائس شاپس پر800 روپے میں فروخت ہونے والاآٹا انتہائی غیر معیاری ہے جس میں بوسیدہ گندم، برادہ اور سوکھی روٹیاں پیس کر استعمال کی گئی ہیں دوسری جانب آٹے کے بحران کے بعد چینی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے جس سے اوپن مارکیٹ میں 50کلو گرام تھیلے کی قیمت 450روپے اضافے کے ساتھ 3800روپے سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 100کلو گرام چینی کے تھیلے کی قیمت 900روپے اضافے کے ساتھ 7700روپے تک پہنچ گئی ہے اس طرح پرچوں سطح پر چینی 78سے82روپے فی کلو گرام فروخت ہورہی ہے اس حوالے سے دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف آٹے کے تھیلے مطلوبہ تعدادمیں میسر نہیں اور دستیاب آٹا بھی بروقت نہیں ملتا ہے جس کے لئے دکانداروں کو ایڈوانس بکنگ کرانا پڑتی ہے جبکہ بروقت گنے کی کرشنگ نہ ہونے کی وجہ چینی کی قلت کا سامنا ہے
دوسری جانب شہریوں نے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں یکدم ہوشربا اضافے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے مقامی سطح پر کمشنر راولپنڈی کی جانب سے بھی گرانفروشوں اور تجاوزات کنندگان کے خلاف کاروائی سے معذرت کے بعد مافیاز کے حوصلے بلند ہوئے ہیں شہریوں نے وزیر اعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بنی گالہ سے باہر نکل کر عام آدمی کے حالات کا جائزہ لیں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے وزیراعظم اپنی کابینہ سمیت فوری استعفیٰ دیں۔ایک اور خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی تھوک مارکیٹ میں گزشتہ روز ایک کلو چینی کی قیمت 2روپے اضافے سے 76روپے 50پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 5 روپے 83پیسے سے 85روپے تک فی کلو تک پہنچ گئی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرکاری ہول سیل قیمت 68روپے ہے جبکہ پرچون میں نوٹیفائی ریٹ 70 روپے فی کلوگرام ہے-