اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ بتائے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے پاکستان کی تسلی اور مدد کے لیے کیا کرے گا؟ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مدد کے معاملے پر گیند امریکا کی کورٹ میں پھینک دی ہے۔
انہوں نے امریکی حکومت سے سوال کیا ہے کہ چین کے شہر بیجنگ میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس میں امریکا کی کیا حکمت عملی ہوگی؟ اور امریکا بیجنگ اجلاس کے حوالے سے کیا اقدامات کرے گا؟ جس سے پاکستان کی تسلی اور مدد ہوسکے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال ستمبر میں عمران خان سے ملاقات میں کہا تھا کہ پاکستان کی مدد کرنی چاہیے لہٰذا ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے بیجنگ میں ہونے والا آئندہ اجلاس پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پر حکومت کی 10 ماہ کی کارکردگی کو پچھلے 10 سال کی کارکردگی سے موازنہ کرلیں، اگر آپ موازنہ کریں گے تو اندازہ ہوگا کہ ہم نے کتنی سنجیدگی سے ایف اے ٹی ایف کے مطالبات پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایف اے ٹی ایف پر کافی اقدمات کیے ہیں۔