مظفرآباد / اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے آزادکشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی منظوری دیدی۔ حکومت آزادکشمیر نے ضلع نیلم،وادی لیپہ اور ضلع حویلی کے علاقے بھیڈی کو آفت زدہ قرار دیدیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کمشنر مظفرآباد کو ریلیف کمشنر مقرر کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کی منصوبہ بندی موسمی حالات
کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔ شدید برفباری کے باعث لیپہ ویلی اور بھیڈی کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہے،ان علاقوں میں بھی امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جاے اور اشیاء ضروریہ کا سٹاک چیک کرکے بمطابق ضرورت اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تباہ ہونیوالے مکانات کے مکینوں کو سرکاری عمارات میں رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ متاثرہ علاقوں میں ادویات کے سٹاک بھی جائزہ لیا جائے اور اس حوالہ سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔