اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لے لیا،جہانگیر ترین اور خسروبختیار کو پنجاب وخیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کرکے آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی ۔وفاق پاسکو کے کوٹے سے خیبرپختونخواہ کو ایک لاکھ ٹن گندم فراہم جبکہ حکومت رواں سال 3لاکھ ٹن گندم درآمد بھی کرے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں اضافے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔
وزیراعظم نے قیمتوں میں کمی لانے کیلئے جہانگیر ترین اور خسروبختیار کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان سے بھی مشاورت کرنے کی ہدایت کی ہے۔آٹے کی طلب اور رسد کا فرق کم کرنے کیلئے وفاق پاسکو کوٹے سے خیبرپختونخوا کو ایک لاکھ ٹن گندم فراہم کرے گا جبکہ حکومت رواں سال تین لاکھ ٹن گندم درآمد بھی کرے گی،گندم درآمد کرنے کے لئے سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور کرائی جائے گی.